بنگلورو:3؍اپریل(ایس او نیوز) مشہور ویلنکنی چرچ سمیت تملناڈو کے 4؍گرجا گھروں کی ہنڈیوں کی چوری کرنے والے ملزم سمیت تین بین ریاستی چوروں کو بمنہلی پولیس نے گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 40؍لاکھ روپئے مالیت کے زیورات، کاریں، غیرملکی کرنسی ضبط کی ہیں۔ گرفتار ملزمین کی شناخت کیرلا ویلنکنی کے الیکس عرف سوریا عرف مرلی(29)، تملناڈو کے جے، جئے کمار عرف جے پی(35) اور کیرلا کنور کے سوجئے(35) کے طورپر کی گئی ہے۔ اڈیشنل پولیس کمشنر (ایسٹ) نے ملزمین سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایاکہ ملزمین کے خلاف مڈیوال، مائیکولے آؤٹ، رام مورتی نگر، بمنہلی ہلی ماؤ، آندھرا پردیش کے پلمنر سمیت دیگر کئی پولیس تھانوں میں گاڑیوں کی چوری کے معاملات درج ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ بنگلور شہری ضلع، تملناڈو اور گوا ریاستوں میں کاروں کی چوری کے معاملات میں ملوث رہنے والے ملزمین شہر کے چامراج پیٹ، رام مورتی نگر، ولسن گارڈن اور ایچ ایس آر لے آؤٹ پولیس تھانوں کی حدود میں چرائے گئے 40؍لاکھ روپئے مالیت کی کاریں ضبط کرلی گئی ہیں۔ اڈیشنل پولیس کمشنر نے بتایاکہ جیل میں سزا کے دوران جئے کمار اور سوجیئے ساتھی بن چکے تھے اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد بھی دونوں جرائم کے معاملات میں سرگرم رہتے ہوئے کاروں کی چوری کرنے لگے تھے۔ کیرلا کے ملزم الیکس کے تعلق سے اڈیشنل کمشنر نے بتایاکہ وہ کم عمری سے ہی ریاست کے مختلف علاقوں میں چوریاں کرنے لگاتھا اور کئی مرتبہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوکر جیل میں سزا بھی کاٹ چکاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملزم اپنے ایک دوست کو کینسر علاج کے لئے 2011ء کے دوران بنگلور پہنچاتھا۔ اس وقت سے شہر میں ہی مقیم رہتے ہوئے سنڑل، مڑیوال، جے سی نگر، کبن پارک اور مارانائیکنہلی پولیس تھانوں کی حدود میں کئی چوریوں کے معاملات میں ملوث پایاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 31؍جنوری 2017ء کو تملناڈو ویلنکنی کے مشہور چرچ کے دفتر اور چرچ کی ہنڈی میں پڑے 60؍گرام وزنی سونے کے زیورات، ڈھائی لاکھ روپئے نقد، غیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگیاتھا۔ انہوں نے بتایاکہ جانچ سے پتا چلا ہے کہ ملزم الیکس کیرلا کے 4؍اہم گرجاگھروں میں بھی چوری کرتے ہوئے 75؍گرام وزنی سونے کے زیورات اور غیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوچکا تھا۔ اڈیشنل پولیس کمشنر نے بمنہلی پولیس کی اس کارروائی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔